زندگی کی پہچان

لاہور میں ان دنوں سردی عروج پر ہے۔ سرد موسموں اور اچھی کتابوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔سردیوں کی طویل راتوں میں میرے سرہانے اکثر کوئی نہ کوئی رومانوی ناول ہوتا ہے۔اس سال بھی بہت سے ناولز پڑھے لیکن کچھ دن پہلے جب لاہور میں سخت دھند کا راج تھا۔میری نظر ایک حوصلہ دیتی کتاب کی طرف پڑی۔یہ کتاب عافیہ مشتاق رند کی ہے۔ان کو میں نے پہلے نہیں پڑھا تھا۔ویسے بھی اس طرح کی کتابیں میری پہلی ترجیح کبھی بھی نہیں رہیں لیکن اس کتاب کے ٹا ئٹل پر لکھی ایک لائن نے میری توجہ کھینچ لی۔اس جملے نے مجھے مجبور کر دیا کہ میں اس سرد رات میں اس کتاب سے گفتگو کروں۔کتاب کا موضوع زندگی ہے اور مصنفہ نے اس موضوع کے ساتھ انصاف کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔کتاب کھلتی ہے اور قاری مصنفہ کے خوبصورت لفظوں کی خوشبو کے حصار میں آ جاتا ہے۔مصنفہ نے زندگی گزارنے کے تمام رہنما اصولوں کو نہایت ہی دلکش پیرائے میں بیان کر دیا ہے۔آپ اندھیروں میں ہیں تو کتابِ زندگی آپ کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں کھڑا کر دے گی۔عافیہ کی جملوں پر گرفت بہت عمدہ ہے کہیں سے بھی نہیں لگتا کہ یہ کسی نوآموز مصنفہ کے قلم کا شاہکار ہے۔عافیہ نے اس کتاب میں اپنے سے وابستہ کچھ خوبصورت رشتوں کے متعلق بھی دل کو چھو لینے والے خیالات کا اظہار کیا ہے۔مجھے عافیہ کا سادہ بیانیہ بہت پسند آیا ہے۔وہ نصیحت کرتی بھی ہیں تو لگتا نہیں کہ وہ نصیحت کر رہی ہیں۔مجھے لگتا ہے اس کم عمر مصنفہ کے اندر کسی بزرگ کی روح ہے جو بھٹکے ہوئے لوگوں کو راستہ دکھاتا ہے۔عافیہ نے وہی باتیں لکھی ہیں جو ہم عام زندگی میں اکثر سنتے رہتے ہیں لیکن ان باتوں کو کہنے کا انداز انہیں بہت خاص بنا گیا ہے۔عافیہ لفظوں کا پرکشش جال پھیلانا خوب جانتی ہیں۔اُن کی اس کتاب میں مرہم جیسے تمام موضوعات پر اُن کی گرفت قابلِ رشک ہے۔کتاب میں بعض جملے قاری کو چونکا دیتے ہیں۔پڑھنے والے ان جملوں کی تاثیر اپنی روح تک محسوس کرتا ہے۔عافیہ مشتاق کی یہ پہلی کتاب ہے اور اُن کی یہ کتاب باذوق قارئین کے لئے ایک نہایت ہی خوبصورت تحفہ ثابت ہوگی۔
فاطمہ شیروانی

3,363 total views, 6 views today

2 Responses to زندگی کی پہچان

  1. Malka says:

    Masha Allah
    Bilkul

  2. Afia Mushtaq Rind says:

    MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah MashaAllah
    Bht jazakllah ul khair fatima apii 🥰❤️❤️❤️

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *